دھرنا: حکومت و عدلیہ مخالف 600 سے زائد سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند

Last Updated On 08 November,2018 02:49 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وزارت داخلہ کے احکامات پر دھرنے کی شروعات سے تاحال مذہبی وسیاسی جماعتوں کے حکومت و عدلیہ کے خلاف 600 سے زائد سوشل میڈیا اکائونٹس، ویب سائٹس، ویب چینل اور ویڈیوز لنکس بند کر دیئے گئے۔

پی ٹی اے کو سوشل میڈیا اکائونٹس بند کرانے کیلئے ٹویٹر اور یوٹیوب کمپنیوں کی جانب سے مشکلات کاسامنا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے دھرنے سے تاحال پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کو 1500 سے زائد سوشل میڈیا اکائونٹس (ویب سائٹس، لنکس، چینلز، فیس بک، ٹویٹر اکائونٹس) بند کرنے کیلئے شکایات بھجوائی گئی ہیں، جن میں مذہبی و سیاسی قائدین کی حکومت و عدلیہ مخالف تقاریر، پوسٹیں، تحریریں او ر احتجاج سے متعلق مواد بھی شامل ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے فیس بک، ٹویٹر اور یوٹیوب کو سوشل میڈیا اکائونٹس، لنکس بند کرنے کیلئے بھجوائی گئی 1500سے زائد شکایات میں سے تاحال مذکورہ کمپنیوں نے 600 سے زائد شکایات منظور کرتے ہوئے سوشل میڈیا اکائونٹس بند کیے ہیں۔

پی ٹی اے کی 800کے قریب شکایات کو کمپنیوں نے منظور کرنے سے انکار کر دیا ہے اور سوشل میڈیا اکائونٹس بند کرنے کیلئے مزید شواہد اور مواد طلب کیا ہے۔