'آسیہ جیل سے رہائی کے بعد آزاد شہری، نقل و حرکت پر پابندی نہیں'

Last Updated On 08 November,2018 05:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے توہین رسالت کیس میں بری ہونے والی آسیہ بی بی کی بیرون ملک روانگی کی اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیدیا۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا آسیہ بی بی جیل سے رہائی کے بعد آزاد شہری ہے، نقل و حرکت پر پابندی نہیں، آسیہ بی بی پاکستان میں موجود ہیں، بیرون ملک روانگی کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔ فواد چودھری نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا انتہائی حساس معاملے پر ذمے داری کا مظاہرہ کیا جائے۔

آسیہ بی بی کی بدھ کو جیل سے رہائی کے بعد ایک غیرملکی خبررساں ادارے نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ بیرون ملک روانہ ہو چکی ہیں، تاہم ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ آسیہ بی بی کی پاکستان سے باہر جانے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ 31 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

 یاد رہے سپریم کورٹ آف پاکستان سے فیصلے کے بعد آسیہ بی بی کو ملتان جیل سے رہائی کے بعد اسلام آباد منتقل کیا گیا، بتایا گیا کہ سپریم کورٹ سے فیصلہ کے بعد گزشتہ روز آسیہ بی بی کی روبکار ملتان جیل حکام کو موصول ہوئی جس پر رات گئے آسیہ کو وومن جیل سے رہا کیا گیا جہاں ایک غیر ملکی سفارتی نمائندہ بھی موجود تھا جس کے ہمراہ آسیہ بی بی کو خصوصی پرواز پر ملتان سے بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچایا گیا۔

آسیہ بی بی کو سفارتی نمائندے کے ہمراہ سخت سکیورٹی میں اسلام آباد لایا گیا جس سے متعلق تمام اقدامات کو انتہائی خفیہ رکھا جا رہا ہے۔

 

Advertisement