روپیہ دبائو میں ہے،عوام 'میڈ ان پاکستان' اشیاء خریدیں: صدر مملکت

Last Updated On 02 December,2018 05:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ روپے کو دباو سے نکالنے کیلئے شہری ملکی مصنوعات خریدیں، روز مرہ استعمال شدہ چیزوں میں درآمد کردہ مصنوعات کی ایک طویل فہرست ہے۔

 صدر مملکت نے سوشل میڈیا پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانیوں سے  میڈ ان پاکستان  کی اشیاء خریدنے کا مطالبہ کرتا ہوں، بحران کے اس وقت میں ہمیں در آمد شدہ چیزوں کی خریداری سے بچنے کی کوشش کرنی چاہیے، انھوں نے کہا غور کریں تو روز مرہ استعمال شدہ چیزوں میں درآمد کردہ مصنوعات کی ایک طویل فہرست ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ڈالر کی قیمت 8 روپے بڑھ گئی تھی جو تاریخ کا بلند ترین اضافہ تھا، ڈالر کی قیمت 142 روپے تک جا پہنچی تاہم سٹیٹ بینک کے اقدامات کے باعث کمی کے بعد قیمت 138 روپے ہو گئی تھی۔