قبل از وقت انتخابات کی بات پر عوام نے خوشی کا اظہار کیا: نواز شریف

Last Updated On 06 December,2018 05:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف کا کہنا ہے قبل از وقت انتخابات کی بات پر عوام نے خوشی کا اظہار کیا، عوام خوش ہے کہ جلد ہماری جان چھوٹنے والی ہے، مسلم لیگ ن قبل از وقت انتخابات کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

سابق وزیراعظم نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا فافن رپورٹ کے مطابق 53 حلقوں میں جیت کا مارجن مسترد ووٹوں سے کم ہے، فافن رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ 53 حلقوں میں دھاندلی ہوئی، ہم سنجیدہ سیاست کے قائل ہیں۔

ادھر العزیزیہ اور ایون فیلڈ کی طرح ایک بار پھر نواز شریف نے دفاع پیش نہ کیا اور کہا دفاع میں کچھ پیش کرنے کی ضرورت نہیں، استغاثہ میرے خلاف ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا، میں استغاثہ سے صرف 4 سوالات پوچھنا چاہتا ہوں، استغاثہ بتائیں کہ کیا بیرون ملک جائیداد کا کنٹرول میرے پاس رہا ؟ یہ بھی بتائے کہ بے نامی دار کا مقصد کیا ہے ؟ استغاثہ مندرجہ بالا الزامات پر شواہد پیش کرے، حسین اور حسن نواز کے میرے زیر کفالت ہونے کا بھی ثبوت نہیں، استغاثہ بار ثبوت منتقلی ثابت کرنے میں بھی ناکام رہا۔

نواز شریف نے کہا پاکستان کا بیٹا ہوں، اس کے ذرہ ذرہ سے پیار ہے، مجھے فخر ہے کہ تین دفعہ پاکستان کا وزیراعظم بنا، پاکستانی عوام کا مشکور ہوں جنہوں مجھ پر اعتماد کیا، سیاست میں میرے خاندان اور کاروبار کو نشانہ بنایا گیا، مجھ پر لگائے گئے سارے کے سارے الزامات بے بنیاد ہیں، میرا کسی قسم کے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
 

Advertisement