میگا منی لانڈرنگ سکینڈل میں آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام آ گیا

Last Updated On 20 December,2018 08:25 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی جے آئی ٹی کی رپورٹ میں اومنی گروپ کے انور مجید اور اے جی مجید کو مرکزی ملزم قرار دیدیا گیا، سندھ کی اہم شخصیت نے اربوں روپے جاری کروائے، حسین لوائی سمیت 30 بینکرز کے نام بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ سکینڈل میں جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے جس میں اومنی گروپ کے انور مجید اور اے جی مجید کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا ہے، دنیا نیوز ذرائع کے مطابق رپورٹ میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام بھی شامل ہے۔

جے آئی ٹی رپورٹ میں بیمار صنعتوں کی بحالی کے نام پر اربوں روپے دینے پر سندھ حکومت کی اہم شخصیت کا نام بھی شامل ہیں جبکہ سندھ حکومت کے دو درجن افسران کے نام بھی فہرست کا حصہ ہیں۔

حسین لوائی سمیت تیس بینکرز کے نام بھی منی لانڈرنگ رپورٹ میں موجود ہیں اور جعلی اکاؤنٹس میں رقم جمع کرانے والے 20 ٹھیکیداروں کا بھی رپورٹ میں ذکر ہے۔