غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجے گئے 11 ارب ڈالر کا سراغ مل گیا

Last Updated On 19 December,2018 10:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ اثاثے چھبیس ممالک میں ہیں، رقوم کی واپسی شروع ہو چکی ہے۔

دنیا نیوز کو خصوصی انٹرویو میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث حکومتی ارکان کا بھی احتساب ہو گا۔

شہزاد اکبر نے بتایا کہ دبئی میں جائیدادیں چھپانے والوں کے گرد گھیرا تنگ ہو چکا ہے، کس کی دبئی میں کتنی جائیداد ہے؟ معلومات کے تبادلے کا معاہدہ جنوری میں ہو جائے گا۔

مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں چھپے بھگوڑوں کی واپسی کے لیے بھی معاہدہ جلد ہوگا، ملزمان کی حوالگی کے معاہدے سے لوٹی دولت کی واپسی ممکن ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی بیرون ملک بھیجے گئے 11 ارب ڈالرز کا سراغ لگا لیا گیا ہے، 11 ارب ڈالرز کے اثاثے صرف 26 ممالک کے ہیں، اس کے علاوہ بیرون ملک سے غیر قانونی رقوم کی واپسی شروع ہو چکی ہے، بیرون ملک سے لائی گئی رقم ابھی کروڑوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کا پیسہ عوام کی فلاح پر خرچ ہو گا۔