حکومت نواز زرداری اتحاد سے خوفزدہ نہیں، فواد چودھری

Last Updated On 20 December,2018 08:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اقتصادی مسائل پر قابو پا لیا ہے، حکومت نواز زرداری اتحاد سے خوفزدہ نہیں، یہ صفر جمع صفر کے برابر ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں فواد چودھری نے اہم فیصلوں کے بارے بتاتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ نے فاٹا کیلئے ایک ارب 63 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دیدی ہے، قبائلی علاقہ جات کے فنڈز میں کوئی کٹوتی نہیں ہو گی جبکہ نئی ٹیکس پالیسی لانے کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔

فواد چودھری نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے تمام وزارتوں کو اخراجات میں دس فیصد کمی کی ہدایت کر دی ہے۔ اس کے علاوہ ادویات کی قیمتوں کے تعین کا معاملہ ٹاسک فورس کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے خوشخبری سنائی کہ فروری میں سعودی ولی عہد سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری کا معاہدہ کرنے پاکستان آ رہے ہیں۔

فواد چودھری نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدرآصف زرداری کے جلد جیل جانے کی پیش گوئی کی اور دونوں اپوزیشن رہنماؤں کے ممکنہ اتحاد کی بات پر طنز کے تیر برسائے اور کہا کہ حکومت نے اقتصادی مسائل پر قابو پا لیا ہے، ہم نواز زرداری اتحاد سے خوفزدہ نہیں، یہ صفر جمع صفر کے برابر ہے۔

انہوں نے قبل ازوقت انتخابات کے امکان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کوئی مذاق نہیں، وزیراعظم کی اس حوالے سے بات کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

 

Advertisement