آرمی چیف سے روسی سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو

Last Updated On 27 December,2018 04:22 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں متعین روسی سفیر الیگزی یوریوش دیدوف نے ملاقات کی ہے۔ روسی سفیر نے پاک فوج کے 10 افسران کو ان کی خدمات کے اعتراف میں آرڈر آف فرینڈشپ میڈلز عطا کیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے روسی سفیر الیگزی یوریوش دیدوف نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی، دو طرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔

روسی سفیر نے پاک فوج کے 10 افسران کو ان کی خدمات کے اعتراف میں آرڈر آف فرینڈ شپ عطا کیے۔ ان افسران نے بڑی بہادری اور جانفشانی سے 20 ہزار 650 فٹ بلند لٹوک چوٹی پر روسی کوہ پیما کی جان بچائی تھی۔

رواں سال جولائی میں 6 روز تک ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن کے بعد روسی کوہ پیما کی جان بچائی گئی تھی۔ روسی سفیر نے آرمی چیف کو کامن ویلتھ ریسکیو میڈل بھی عطا کیا۔