آرمی چیف کی مصر آمد، عسکری و سیاسی قیادت سے ملاقاتیں

Last Updated On 17 December,2018 02:17 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر مصر پہنچ گئے، سپہ سالار نے مصری عسکری اور سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کیں، پاک فوج کے دہشت گردی کے خلاف اقدامات کی تعریف کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے الازہر کے شیخ احمد الطیب سے ملاقات کی، شیخ احمد الطیب نے انسداد دہشت گردی کے لیے پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی، شیخ احمد الطیب نے مذہبی انتہاء پسندی کے خلاف پیغام پاکستان فتویٰ کو بھی سراہا۔

شیخ احمد الطیب نے کہا اسلام امن کا مذہب ہے، اسلام کو دہشت گردی، انتہاء پسندی سے نہیں جوڑنا چاہئے۔ آرمی چیف نے نوجوانان اسلام کو جدت، رواداری اور سائنس و ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔ آرمی چیف کو مصری افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے مصر کے چیف آف سٹاف سے بھی ملاقات کی۔