اسلام آباد میں بہرے، گونگے اور اندھے لوگ بیٹھے ہیں: آصف علی زرداری

Last Updated On 28 December,2018 05:30 pm

گھوٹکی: (دنیا نیوز) آصف علی زرداری کا کہنا ہے اسلام آباد میں بہرے، گونگے اور اندھے لوگ بیٹھے ہیں، گھوٹکی کا کیا قصور ہے، ان کا حق نہیں ملتا، یہ بات نکلے گی تو بہت دور تک جائے گی، کسی چیز سے گھبرانے کی بات نہیں۔

 سابق صدر آصف زرداری نے گھوٹکی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کوئی ڈرا یا جھکا نہیں سکتا، اردو میں اس لیے بولتا ہوں کیونکہ اسلام آباد میں بہرے رہتے ہیں، الیکشن جیت کر بھی اپوزیشن میں رہ کر دیکھا، ہم نے کوئلے کی کانیں غریبوں کی ملکیت بنا دیں۔ انہوں نے کہا عوام خوشحال ہوتے ہیں تو چین کی نیند سوتے ہیں، اٹھارویں ترمیم میں صوبوں کو حق دے کر مولانا ابوالکلام آزاد کی کتاب بند کر دی، جیالوں کو کوئی گرا اور جھکا نہیں سکتا، کارکنوں پریشان نہ ہوں۔

ای سی ایل میں شامل افراد کی فہرست جاری

 ادھر حکومت نے جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں نامزد تمام 172 ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈال دئیے۔

دستاویز کے مطابق سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ، رکن سندھ اسمبلی انور سیال، امتیاز شیخ اور مکیش چاولا کے نام بھی ایگزیٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دئیے گئے ہیں۔ اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید، عبدالغنی مجید، نمر مجید اور نازلی مجید بھی ملک سے باہر نہیں جا سکیں گے۔ صدر سمٹ بینک حسین لوائی، احسن رضا درانی، صدر سندھ بینک احسن طارق، چیئرمین سندھ بینک بلال شیخ، صدر نیشنل بینک علی رضا کے نام بھی ایگزیٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دئیے گئے ہیں۔

سیاستدانوں کیساتھ اہم عہدوں پر تعینات بیوروکریٹس، سیکرٹری لینڈ ثاقب سومرو، سیکرٹری سہیل راجپوت، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ نثار احمد شیخ، ڈپٹی کمشنر ملیر قاضی جان اور سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی منظور قادر کے نام بھی ای سی ایل میں شامل کر دئیے گئے ہیں۔ سیکرٹری انڈسٹریز سید ضمیر حیدر، ریاض لال جی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ای سی پی عابد حسین اور قائم مقام چیئرمین ایس ای سی پی طاہر محمود کے نام بھی ای سی ایل ڈال دئیے گئے۔ ای سی ایل میں ڈالے گئے ناموں کی فہرست امیگریشن حکام کو بجھوائی جا رہی ہے۔

Advertisement