ملک کے میدانی علاقوں میں دھند کے ڈیرے، ٹریفک کی روانی متاثر

Last Updated On 31 December,2018 03:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے میدانی علاقوں میں آج بھی دھند کے ڈیرے برقرار رہے، حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے اور نیشنل ہائی وے کے مختلف سیکشن بند رہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے نئے سال کے آغاز پر اسلام آباد، لاہور سمیت پنجاب، کے پی اور بلوچستان میں بارش کی نوید سنا دی۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں صبح کے وقت دھند کے چھائی رہی، موٹر وے لاہور سے کوٹ مومن، فیصل آباد سے گوجرہ تک بند رہی، خانیوال، ملتان، لوھراں اور بہاولپور میں بھی دھند کا راج رہا۔ مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی اور میاں چنوں کے علاقوں میں بھی دھند چھائی رہی۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق شہری گاڑیوں پر فوگ لائٹس استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

دوسری طرف بارش برسانے والا سسٹم آج شام ملک میں داخل ہو گا، منگل اور بدھ کو کوئٹہ، ژوب، پشاور، مردان، لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اسلام آباد میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جمعہ سے اتوار کے دوران بھی ان علاقوں میں بادل برسنے کی پیشگوئی ہے۔

آج سکردو سرد ترین شہر رہا جہاں پارہ منفی 14 ڈگری تک گر گیا، استور میں منفی 10 درجے کی سردی نے آبشار سمیت ہر چیز جما دی۔ گلگت میں درجہ حرارت منفی 07، کالام، ہنزہ منفی 06، کوئٹہ، منفی 03، قلات منفی 02 رہا جبکہ اسلام آباد 2، پشاور ایک، لاہور 2، فیصل آباد 4، ملتان 4 اور کراچی میں 11 ریکارڈ کیا گیا۔
 

Advertisement