علی رضا عابدی کا قتل، تاحال کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا: پولیس

Last Updated On 31 December,2018 08:06 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے قتل مقدمے کی کاپی جمع کرا دی۔

پولیس حکام کے مطابق علی رضا عابدی کے قتل میں تاحال کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کچھ وقت چاہیے، گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ جلد واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ واقعے کا مقدمہ علی رضا عابدی کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ اس سے قبل کہا گیا تھا کہ پولیس نے کیس کی تفتیش کے دوران کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے سٹار گیٹ کے قریب سے ایک شخص کو حراست میں لیا جس کے بعد زیر حراست ملزم کی نشاندہی پر مزید تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

یاد رہے کہ رواں ماہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے علی رضا عابدی کو ان کے گھر کے باہر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ انھیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے۔

علی رضا عابدی ایم کیو ایم پاکستان کے سابق رکن اسمبلی تھے۔ وہ 2013ء کے انتخابات میں ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ 2018 کے انتخابات میں انہوں نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا مقابلہ کیا جس میں انھیں شکست ہوئی تھی۔

عام انتخابات میں شکست کے بعد پارٹی قیادت سے اختلافات کے بعد علی رضا عابدی ایم کیو ایم پاکستان کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہو گئے تھے۔