خوش آمدید 2019: نئے جذبوں اور امنگوں سے سال نو کا آغاز

Last Updated On 01 January,2019 02:55 pm

اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا) 2018 کا سورج کئی تلخ و شیریں یادیں لئے غروب ہو گیا، دنیا بھر میں 2019 کو نئے جذبوں اور امنگوں سے آغاز ہوا، چھوٹے، بڑے شہروں میں فضائیں رنگ و نور میں نہا گئیں، زبردست آتش بازی کا سماں دیکھنے کیلئے شہری امڈ آئے، رات کو 12 بجتے ہی شہر شہر جشن شروع ہوگیا اور آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، کراچی سے خیبر تک منچلے سڑکوں پر نکل آئے ،کراچی اور لاہور کی سڑکوں پر خوب ہلہ گلہ ہوا۔

کراچی میں سی ویو پر آسمان روشنیوں سے جگمگا اٹھا اور پاکستان میں نئے سال کے استقبال کے لیے شہریوں کا جوش و خروش دیکھنے میں آیا، سال 2018ء کی آخری رات 12 بجتے ہی شہر کے مختلف علاقے ہوائی فائرنگ اور دھماکوں سے گونج اٹھے، پولیس اور رینجرز کے تمام احکامات کی شہریوں نے دھجیاں اڑا کر رکھ دیں، منچلوں کی بڑی تعداد موٹر سائیکلوں پر سڑکوں پر کرتب دکھانے کے ساتھ ون ویلنگ کرتی رہی، ساحل سمندر پر جانے کی پابندی اٹھائے جانے کے بعد ہزاروں کی تعداد میں شہری سی ویو پہنچ گئے۔

سال کی آخری رات کے 12 بجتے ہی شہر کے مختلف علاقے جن میں لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، نیو کراچی، سرجانی، نارتھ کراچی، جمشید کوارٹر، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، ڈیفنس سمیت دیگر علاقے فائرنگ کی آوازوں اور پٹاخوں کے دھماکوں سے گونج اٹھے، پولیس اور رینجرز حکام کی جانب سے احکامات دیے گئے تھے کہ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے کی اجازت نہیں ہو گی تاہم شہر کے پوش علاقوں میں کھلے عام اسلحے کی نمائش کی جاتی رہی اور مختلف علاقوں میں شہریوں نے پابندی کے احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہو ئے گھروں کی چھتوں سے چھوٹے اور بڑے اسلحے سے بھرپور ہوائی فائرنگ کی۔

سال نو کا جشن منانے کے لیے منچلے بھی پیچھے نہ رہے اور موٹر سائیکلوں پر ٹولیوں کی شکل میں 12 بجنے سے قبل ہی نمودار ہو گئے اور 12 بجتے ہی سڑکوں پر خطرناک کرتب دکھانے کے ساتھ ون ویلنگ کرتے رہے اور پولیس اہلکار خاموشی سے موت کا کھیل دیکھتے رہے ،ساحل سمندر پر جانے کی پابندی وزیر اعلی سندھ کی جانب سے اٹھائے جانے کے اعلان کے ساتھ ہی شہریوں کی بڑی تعداد 12 بجنے سے قبل ہی سی ویو پہنچ گئی جہاں پر رات 12 بجتے ہی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے ہارن بجا کر ڈھول کی تھاپ اور گاڑیوں میں موجود ساؤنڈ سسٹم کی میوزک پرلوگ رقص کرتے رہے اس دوران بعض نوجوان باجے بھی اپنے ہمراہ لائے تھے ،مختلف سڑکوں پر منچلوں نے چورنگیوں اور سگنلز پر گاڑیاں روک دیں اور 12 بجتے ہی میوزک اور ہارن بجا کر خوب رقص کیا اس دوران بعض علاقوں میں بھرپور آتش بازی بھی کی گئی جس سے اطراف کے علاقوں میں ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔

ڈسٹرکٹ ساؤتھ کی جانب سے دو دریا پر نئے سال کی خوشی میں تقریب منعقد کی گئی جس میں فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اس دوران لوگوں کی کثیر تعداد وہاں جمع ہوگئی اور آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاہم کچھ مقامات پر بدمزگی کے واقعات دیکھنے میں آئے ۔ سی وی او اور اسکے اطراف میں عوام کے کثیر تعداد میں جمع ہونے کے باعث ان علاقوں میں ٹریفک کی صورتحال بری طرح متاثر ہوئی اور ٹریفک جام ہوگیا، دوسری جانب مزید لوگوں کے وہاں جانے کے باعث بیشتر مقامات پر ٹریفک پولیس کو سڑکوں کو بند کرنا پڑا ۔ شہریو ں کا کہنا تھا کہ ہمیں تو کافی دیر تک نہیں پتہ تھا کہ ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے یا نہیں جس سے لوگوں کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر میں پولیس حکام کے دعووں کے باوجود شدید ہوائی فائرنگ کی گئی جبکہ پولیس افسران کی جانب سے ماضی کی طرح نیو ائیر کے سلسلے میں بنائے گئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کے دعوے کیے گئے تھے۔

نیو ائیر نائٹ کے سلسلے میں فائیو اسٹارچورنگی پر بد نظمی کے باعث علاقے میں افرا تفری مچ گئی ۔ پولیس نے وہاں موجود افراد کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا جس سے وہاں لوگوں نے بھاگنا شروع کر دیا، بیشتر افراد قریب موجود نالے میں گر کر شدید زخمی ہوگئے، پولیس نے ایک درجن افراد کو حراست میں لے لیا۔ نئے سال کی خوشی میں شہر بھر میں ہونے والی ہوائی فائرنگ سے بچی سمیت 14 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ۔شارع نورجہاں کے علاقے ڈی سلویٰ ٹاؤن میں نویداورنارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں نعمان، لیاقت آباد جھنڈا چوک پر وسیم، عائشہ منزل میں نیاز اور سات سالہ بچہ شفیق اندھی گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ،فیروزآباد کے علاقے طارق روڈ اللہ والی چورنگی کے قریب فائرنگ سے شہری محسن زخمی ہوا،نیپئر کے علاقے رنچھوڑ لائن میں اندھی گولی لگنے سے دین محمد زخمی ہوا،شاہ فیصل کالونی کے محمدی چوک پر ہونے والی فائرنگ سے نوجوان وقار احمد زخمی ہوا،بلدیہ ٹاؤن دہلی کالونی میں پٹاخہ پھٹنے سے ایک شخص فرحان زخمی ہوا۔پولیس کنٹرول سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق عباسی شہید ہسپتال میں ہوائی فائرنگ سے 6 افراد ، سول ہسپتا ل میں تین اور جناح ہسپتال میں تین زخمیوں کو لایا گیا۔

لاہور مال روڈ پر میلے کا سماں تھا، ملکہ کوہسار میں بھی سیاحوں نے خوب موج مستی کی۔ بحریہ ٹاؤن لاہورمیں آتشبازی کاشاندارمظاہرہ کیا گیا، سال کے آخری سورج کے ڈوبنے کا نظارہ دیکھنے کے لیے لاہوریوں کی بڑی تعدادنے دریائے راوی کا رخ کیا، شہریوں نے تلخ وشیریں یادوں کے ساتھ 2018 کو الوداع کیا اور سال نو 2019 کا استقبال کیا، لاہوریوں نے کشتی پر سوار ہو کر ڈوبتے سورج کا دلکش منظر دیکھا، کیمروں میں محفوظ کیا، نئے سال کے جشن کے دوران مال روڈ، لبرٹی سمیت مختلف علاقوں میں منچلوں نے خوب ہلہ گلہ گیا اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا، لبرٹی، مال روڈ، جیل روڈ، گڑھی شاہو میں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، ملتان میں منچلے صدر بازار پہنچ گئے اور نئی سال کی خوشی میں آتشبازی کا مظاہرہ کیا اور میوزک پر خوب رقص کیا۔ اس کے علاوہ فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں بھی نئے سال کا جشن منایا گیا۔ کوئٹہ میں بھی نئی کا گرم جوشی سے استقبال کیا گیا اور شدید ہوائی فائرنگ کی گئی۔

2019 کا سب سے پہلا استقبال نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کیا گیا، ہزاروں شہریوں نے 2018 کو الوداع کیا اور سحرانگیز آتش بازی کے ساتھ 2019 کی آمد کا جشن منایا۔ موسیقی کی دھنوں پر رقص کیا گیا، نیوزی لینڈ کے بعد آسٹریلیا میں جشنِ سالِ نو منایا گیا، آسٹریلیا کے بعد جاپان، چین اور انڈونیشیا میں نئے سال کا جشن اپنے اپنے روایتی طریقوں سے منایا جائے گا۔ فرانس اور برطانیہ میں بھی سحرانگیز آتش بازی کی گئی ،بھارت، بنگلہ دیش اور پاکستان کے شہریوں نے سال نو کو خوش آمدید کہا، پاکستان کے بڑے شہروں کراچی ،لاہور اور اسلام آباد میں آتش بازی کی گئی، سب سے آخر میں امریکہ کے شہر نیو یارک میں سال نو کا استقبال کیا گیا۔ نیویارک میں ہرسال کی طرح اس سال بھی نیوایئر بال ڈروپنگ تقریب کا اہتما م کیا گیا، 12 ہزار پونڈ وزنی بال کی تیاری میں مختلف سائز کے 2 ہزار 600 کرسٹل ٹرائی اینگلز استعمال کیے گئے جسے گفٹ آف ہارمونی یعنی ہم آہنگی کا تحفہ کا نام دیا گیا۔