آمدن سے زائد اثاثے،سیکریٹری سکول ایجوکیشن پنجاب کیخلاف تحقیقات شروع

Last Updated On 08 January,2019 11:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سیکریٹری سکول ایجوکیشن پنجاب بھی نیب کے ریڈار پر، شیخ ظفر اقبال کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

 

شیخ ظفر اقبال کی مدت ملازمت میں 43 جائیدادیں خریدنے اور 12 تحفے میں لینے کا انکشاف ہوا ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ان کیخلاف الزامات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیب نے سیکریٹری سکول ایجوکیشن پنجاب شیخ ظفر اقبال کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ شیخ ظفر اقبال کے پاس 62 جائیدادوں کا انکشاف ہوا ہے۔ اپنی مدت ملازمت میں انہوں نے 43 جائیداد خریدیں جبکہ بارہ انہیں تحفہ میں ملی ہیں۔

شیخ ظفر اقبال پر الزام ہے کہ ان کی جائیداد کی مالیت اربوں روپے میں ہے اور بیرون ملک جائیداد بھی ہیں۔ شیخ ظفر اقبال کی فلور ملز، رائس ملز، پیٹرول پمپس اور سی این جی سٹیشنز بھی ہیں۔

اس حوالے سے سیکرٹری سکولز پنجاب شیخ ظفر اقبال نے موقف دیتے ہوئے تسلیم کیا کہ میں مانتا ہوں میری جائیدادیں اربوں میں ہیں، میں اپنے جائیدادوں اور اثاثوں سے متعلق کسی کو کیوں بتاؤں اور مجھے معلوم ہے میرے خلاف تحقیقات ہو رہی ہیں۔

 

Advertisement