مودی حکومت خطے کے امن کو تباہ کرنے کے درپے ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

Last Updated On 09 January,2019 04:35 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر نے کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے مسلسل شہریوں کی ہلاکت پر شدید غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت طے شدہ منصوبے کے تحت جنگی جنون کا ہوا دے خطے کے امن کو تباہ کرنے کے درپے ہے۔

مظفر آباد میں مرکزی ایوان صحافت کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ بھارتی فائرنگ سے کنٹرول لائن پر شہریوں کی شہادت روز کا معمول بن چکا ہے، عالمی ادارے بھارت کے عزائم کو لگام دیں۔ پاک فوج بھارتی غرور اور جارحیت کی کمرتوڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے لانے میں پاکستانی میڈیا اپنا کردار ادا کرے۔ کشمیر میں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کرنا ملکی میڈیا کاقومی فریضہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عبوری آئین کی تیرہویں ترمیم میں بہتری کی گنجائش موجود ہے لیکن داخلی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزرا کی غیر ذمہ دارانہ بیان بازی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے دل دکھی اور ملکی اداروں کا وقار مجروع کر رہی ہے۔