لگتا ہے شاہد آفریدی آئی پی ایل میں کھیلنا چاہتے ہیں: وزیراعظم آزاد کشمیر

Last Updated On 15 November,2018 10:17 am

لندن: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا لگتا ہے شاہد آفریدی بھارتی کرکٹ لیگ آئی پی ایل میں کھیلنا چاہتے ہیں، اس لئے ایسے بیانات دے رہے ہیں۔

راجہ فاروق حیدر نے قومی بلے باز کو مشورہ دیتے ہوئے کہا آفریدی کو کرکٹ پر توجہ دینی چاہیے، انہیں کشمیر جیسے حساس معاملات پر بات کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کے لیے زندگی اور موت کا مسلۂ ہے۔

اس سے قبل قومی بلے باز نے لندن میں کشمیر کے حوالے سے جو کچھ بھی کہا اس پر انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ معاملے کی سنگینی کا احساس ہوتے ہی بوم بوم نے ٹویٹ کر دیا جس میں انکا کہنا تھا کشمیری عوام پاکستان سے محبت کرتے ہیں، انہیں ان کا حق ملنا چاہیے، بھارتی میڈیا ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے، وہ کشمیریوں کی جدوجہد کا احترام کرتے ہیں۔