آرمی چیف کی برطانوی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سے ملاقات

Last Updated On 12 October,2018 04:12 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی دورہ برطانیہ کے دوران نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر مارگ سیڈول سے ملاقات ہوئی، ملاقات کے بعد پاک برطانیہ وفود سطح پر بھی بات چیت کی گئی۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف کی برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل سرنکلسن کارٹر اور برطانوی وزیر دفاع گیون ولیم سن سے بھی ملاقات ہوئی۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، ملاقاتوں میں برطانوی وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی بھی موجود تھے۔ برطانوی قیادت نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے اقدامات کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان استقامت کے ساتھ استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، پاکستان برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ سیکورٹی تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، پاکستان دیرپا امن کی جانب گامزن ہے، دونوں ممالک میں سکیورٹی اور دفاعی تعاون کو بلند ترین سطح پر لے جانے کے خواہاں ہیں۔

Advertisement