حالیہ انتخابات ملکی تاریخ کے شفاف ترین الیکشن تھے، ڈی جی آئی ایس پی آر

Last Updated On 13 October,2018 10:23 pm

لندن: (دنیا نیوز) حالیہ انتخابات ملکی تاریخ کے شفاف ترین الیکشن، عوام نے خواہشات کے مطابق ووٹ ڈالا، ڈی جی آئی ایس پی آر کی برطانیہ میں صحافیوں سے گفتگو، دھاندلی کا الزام لگانے والے ثبوت لائیں۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حالیہ انتخابات کو تاریخ کے شفاف ترین الیکشن قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ عوام نے اپنی خواہش کے مطابق ووٹ ڈالا، فوج پر دھاندلی کا الزام لگانے والے ثبوت بھی لائیں۔ فوج اب پہلے سے مختلف ہے اور جمہوریت کی مضبوطی چاہتی ہے، یہ سب سے منظم ادارہ ہے، دیگر تمام ادارے بھی مضبوط ہونے چاہئیں۔ آج کا پاکستان کل سے بہتر ہے، قومی یکجہتی سے بہتر کوئی چیز نہیں ہے۔

فوج کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کیخلاف عالمی سازشیں ہورہی ہیں، سوشل میڈیا پر فوج کی گاڑیوں والا لیٹر جعلی تھا۔ بھارت سرجیکل اسٹرئیک کے حوالے سے جھوٹ بولتا ہے، اگر بھارت ایک سرجیکل اسٹرئیک کرے گا تو دس کریں گے۔ اس فوج کے جرنیلوں نے ہتھیار اٹھا کر جنگ لڑی ہے، جس ملک کی فوج مضبوط نہ ہو، وہ ٹوٹ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کا کام پولیس کا ہے لیکن فوج گزشتہ 15 سال سے یہ ذمہ داری نبھا رہی ہے، 4 سال میں جوڈیشل ریفارمز کیوں نہیں ہوئے تاکہ دہشت گردوں کو عام عدالتوں میں سزائیں دی جاتیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات پر اسمبلی میں بات چیت ہونی چاہیے، ملک اچھے حالات کی جانب گامزن ہے، سی پیک سے ملکی معیشت مضبوط ہوگی، اسے تحفظ دینا پاک فوج کی ذمہ داری ہے۔

Advertisement