تحریک انصاف نے آصف زرداری کیخلاف نااہلی ریفرنس واپس لے لیا

Last Updated On 10 January,2019 06:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے آصف زرداری کیخلاف نااہلی ریفرنس واپس لے لیا۔ الیکشن کمیشن نے پٹیشن واپس لینے کیلئے تحریری درخواست دینے کی ہدایت کر دی۔

 الیکشن کمیشن میں سماعت کے دوران پی ٹی آئی ایم پی اے اور درخواستگزار خرم شیر زمان نے مؤقف اختیار کیا کہ آصف علی زرداری کے خلاف بہت سے مصدقہ شواہد ملے ہیں، معاملے کو سپریم کورٹ کے کر جانا چاہتے ہیں۔

رکن الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا ارشاد قیصر نے استفسار کیا تو کیا آپ اپنی پٹیشن واپس لینا چاہتے ہیں ؟ اس پر خرم شیر زمان نے جواب دیا جی میں اپنی پٹیشن واپس لیناچاہتا ہوں۔ الیکشن کمیشن نےہدایت کی کہ پٹیشن واپس لینے کی تحریری درخواست دی جائے۔

پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا زرداری کیخلاف ریفرنس کو بڑے فورم پر لے جائیں گے، کیس کو سپریم کورٹ لے کر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا پاناما کے بعد یہ سب سے بڑا کیس ہے، آصف زرداری نے اپنے اثاثے چھپائے، کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، الیکشن کمیشن سے کیس سپریم کورٹ منتقلی کی اجازت مانگی ہے۔

 یاد رہے پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے امریکا میں مبینہ فلیٹ چھپانے کے الزام میں سابق صدر آصف زرداری کے خلاف نااہلی کے لئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا سابق صدر این اے 213 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، آصف زرداری نیویارک میں قائم اپارٹمنٹ کے مالک ہے، الیکشن کمیشن میں جمع اثاثوں میں اس اپارٹمنٹ کا ذکر نہیں ہے، اثاثے چھپانا آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے زمرے میں آتا ہے، آئین کے مطابق آصف علی زرداری صادق اور امین نہیں رہے، سابق صدر کو نااہل قرار دیا جائے۔

Advertisement