ارکان کی تنخواہوں میں اضافے کا پرائیویٹ بل پنجاب اسمبلی میں جمع

Last Updated On 18 January,2019 06:58 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے پرائیویٹ بل پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دیا گیا۔ بنیادی تنخواہ میں اضافے سمیت 6 مراعات میں اضافے کے لیے ترامیم تجویز کر دی گئیں۔

پرائیویٹ بل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ کی جانب سے جمع کرایا گیا جس میں بنیادی تنخواہ سمیت چھ مراعات میں اضافے کے لیے ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔

پرائیوٹ بل میں بنیادی تنخواہ 18 ہزار سے بڑھا کر 3 لاکھ روپے، ڈیلی الاؤنس 1 ہزار سے بڑھا کر 4 ہزار روپے، کنوینس الاؤنس 6 سو روپے سے بڑھا کر 3 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ارکان پنجاب اسمبلی نے ایک بار پھر تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کر دیا

اس کے علاوہ اس بل میں ایڈیشنل ٹریولنگ الاؤنس 1 لاکھ 20 ہزار سالانہ سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے سالانہ، ہاؤس رینٹ 29 ہزار ماہانہ سے بڑھا کر 50 ہزار روپے، یوٹیلیٹی الاؤنس 6 ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

بل میں کہا گیا ہے کہ تواضع الاؤنس 10 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار روپے، قائمہ کمیٹی کے چئیرمین کے لیے ماہانہ پیٹرول الاؤنس 30 ہزار روپے ماہانہ اور گاڑی کی مرمت کا الاؤنس 12 ہزار روپے ماہانہ بڑھایا جائے۔