قانون سازی کی جائے، ساہیوال جیساواقعہ دوبارہ نہ ہو: حمزہ شہباز

Last Updated On 20 January,2019 05:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ محافظ قاتل بن جائیں تو ملک قائم نہیں رہتے، قانون سازی کی جائے کہ ساہیوال جیسا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔ معیشت ڈوب رہی ہے لیکن کوئی والی وارث نہیں۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان صاحب ساہیوال واقعہ کو بطور مثال لیں، مقتولین کو کبھی اغواکار اور کبھی دہشتگرد بتایا گیا، محافظ قاتل بن جائیں تو ملک قائم نہیں رہتے۔ ساہیوال واقعے کے ذمے داروں کا تعین کر کے عبرت کا نشان بنایا جائے۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات سے بچنے کیلئے قانون سازی کی جائے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ معیشت ڈوب رہی ہے لیکن کوئی والی وارث نہیں، ملکی معیشت وینٹی لیٹر پر ہے، 22 کروڑ عوام کا ملک چندے پر نہیں چل سکتا۔ ن لیگ اورآج کی حکومت میں قرضوں کا فرق دیکھ لیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم حکومت کو گرانا نہیں چاہتے۔

حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ بتائیں 6 ماہ میں کیا کارکردگی دکھائی، اس دوران ہمیں گالیاں اور گرفتار کرنے کی دھمکیاں دی گئیں، ان کو جھوٹے الزامات اور گالیان مہنگی پڑیں گی۔