لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش، کئی فیڈرز ٹرپ کر گئے

Last Updated On 21 January,2019 04:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش نے جاڑے کی شدت بڑھا دی۔ لاہور میں کئی فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب، سندھ، بلوچستان میں مزید بارش،مری، گلیات اور کشمیر میں برفباری کی پیشگوئی کر دی۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں گذشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، کہیں بوندا باندی تو کہیں تیز بارش نے موسم مزید ٹھنڈا ٹھار کر دیا۔ بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوا کے جھونکوں نے موسم کو دلفریب بنا دیا۔ آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10 جبکہ زیادہ سے زیادہ 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ جنوبی پنجاب کے شہروں راجن پور، اوچ شریف اور روجھان میں بھی بادل برسے۔ سیالکوٹ، گجرات، قصور، بورے والا، خانیوال اور فیصل آباد میں بھی بارش ہوئی، وہاڑی میں ژالہ باری نے سردی کی شدت بڑھا دی۔

ملکہ کوہسار مری میں برفباری نے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرلیا۔ زیارت میں بھی وائٹ کارپٹ بچھ گیا۔ بٹگرام میں ایک فٹ تک برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔