دھواں دھار بارش کے بعد کراچی پانی پانی، لیاقت آباد میں سڑک بیٹھ گئی

Last Updated On 21 January,2019 12:11 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ہونیوالی بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، لیاقت آباد میں سڑک بیٹھ گئی، ٹریفک کی روانی متاثر ہے، بلدیہ کا عملہ سڑکوں پر جمع پانی نکالنے نہ پہنچ سکا۔ بارش کے باعث کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

کراچی میں وقفے وقفے سے جاری بارش نے شہر کی سڑکوں کو پانی میں ڈبو دیا۔ غریب آباد، ناظم آباد، گلستان جوہر، ڈرگ روڈ، ملیر کالا بورڈ، شاہراہ فیصل اور کارساز میں سڑکوں پر پانی جمع ہے۔ کراچی بلدیہ کا عملہ سڑکوں پرجمع پانی نکالنے کیلئے نہ پہنچ سکا، ہر طرف جل تھل ایک ہے جس سے ٹریفک کی روانی متا ثر ہے۔ تیز بارش کے باعث لیاقت آباد میں سڑک بیٹھ گئی جس نے انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کا پول کھول دیا۔

بارش کی بوندیں برستے ہی کے الیکٹر ک کا سسٹم بھی بیٹھ گیا جس سے کئی علاقے بجلی سے محروم ہیں۔ ترجمان کے اليکٹرک کا کہنا ہے کہ کچھ علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی جبکہ دیگر علاقوں میں بحالی کا کام جاری ہے، بارش کے باعث جوبلی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کرنٹ لگنے سے ایک شخص زندگی ہار گیا جس کی شناخت ریحان شاہ کے نام سے ہوئی، بارش کے باعث موٹر سائیکل پھسلنے سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

دوسری طرف سندھ کے مختلف شہروں حیدر آباد، شہید بینظیر آباد، جیکب آباد، سانگھڑ، سکھر اور لاڑکانہ میں تیز بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آج رات گئے تک جاری رہے گا، کراچی، سکھر، لاڑکانہ ڈویژن میرپور خاض اور ٹھٹہ ڈویژن میں بادل مزید برسیں گے۔
 

Advertisement