ملکی اور غیر ملکی میڈیا کا ترجمان پاک فوج کے ہمراہ میرانشاہ کا دورہ

Last Updated On 27 January,2019 11:26 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) ملکی اور غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں کا ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ پشاور، میران شاہ اور خان بارڈر ٹرمینل کا دورہ، میڈیا نمائندوں نے بارڈر پر خاردار تار قائم کرنے کے مشکل کام کو سراہا۔

ملکی اور غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے ہمراہ پشاور، میران شاہ، اور غلام خان بارڈر ٹرمینل کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران کمانڈر پشاور کور اور جی او سی شمالی وزیرستان نے وفد کو بریفنگ دی۔ آپریشنز کے بعد میڈیا کی پہلی بار عوام سے براہ راست ملاقات ہوئی۔

عوام کی میران شاہ بازار میں میڈیا سے امن کی بہتر صورتحال اور درپیش انتظامی مسائل پر گفتگو ہوئی۔ عوام نے پاک فوج کی بحالی امن اور تعمیر وترقی کے اقدامات کو سراہا۔

میڈیا کے نمائندوں نے بارڈر پر خاردار تار قائم کرنے کے مشکل کام کو سراہا۔ عوام میڈیا کو اپنے درمیان دیکھ کر خوش تھے۔ پرامن شمالی وزیرستان تعمیر ترقی کی طرف گامزن ہے۔ میران شاہ بازار میں شہریوں کی بڑی تعداد نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ سیلفیاں بنائیں۔

اس موقع پر پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے مقامی افراد کو علاقے کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ سے مل کر علاقے کے مسائل حل کریں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے امن وامان سے متعلق سوال پر علاقہ مکینوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ مقامی افراد کا کہنا تھا کہ علاقے کے حالات بہتر ہیں، امید ہے اس میں مزید بہتری آئے گی۔
 

Advertisement