پروڈکشن آرڈرز پر اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

Last Updated On 28 January,2019 01:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور لیگی رہنما سعد رفیق کےپروڈکشن آرڈرز کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کسی ملزم کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلی پنجاب شہبازشریف اور سابق وزیر ریلوے سعد رفیق کےپروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کے خلاف درخواست مسترد کر دی تھی ،عدالت نے قرار دیا تھا کہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنا قومی اسمبلی کا کام ہے۔ اس فیصلے کو درخواست گزار نے سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ کسی ملزم کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے، درخواست میں وزارت قانون اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پروڈکشن آرڈرجاری کرنے سے قومی اسمبلی میں مسلسل تنازعات چل رہے ہیں، قومی اسمبلی رول آف بزنس 108 آئین کے آرٹیکل 67 سے متصادم ہے۔اس مرتبہ درخواست گزار کو سن کر فیصلہ کیا جائے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

یا د رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نےپروڈکشن آرڈرجاری کرنے کے خلاف درخواست 22جنوری کومسترد کی تھی۔