پی اے سی: نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا نام بینظیر سے منسوب کرنیکی سفارش

Last Updated On 31 January,2019 03:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اور ارکان پر موسم کا جادو چل گیا، اجلاس مری منتقل کرنے کا فیصلہ ہوتے ہوتے رہ گیا۔ کمیٹی نے نئے اسلام آباد ایئرپورٹ کا نام بینظیر کے نام پر رکھنے کی سفارش کر دی، تعمیر میں گھپلوں کا معاملہ ذیلی کمیٹی کو سونپ دیا۔

چیئرمین پی اے سی شہباز شریف نے اجلاس شروع ہوتے ہی کہا اسلام آباد کا موسم رومینٹک ہے، انجوائے کریں گے اور اپنا کام بھی۔ اس پر ارکان نے قہقہہ لگایا تو شہباز شریف نے لقمہ دیا کہ یہ موسم تو مری جانے والا ہے۔ اس پر پیپلزپارٹی کی شیری رحمان نے تجویز دی کہ اجلاس مری میں ہی شفٹ کر لیتے ہیں۔

ایوی ایشن ڈویژن کے آڈٹ اعتراضات پر غور کے دوران سامنے آیا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کی تعمیر کے ایک جوائنٹ وینچر میں 7 ارب روپے کا گھپلا کیا گیا۔ آڈٹ حکام نے بتایا کہ جس فرم کو ٹھیکہ دیا گیا اس کے حصہ داروں میں بعد میں نئی کمپنیوں کو شامل کر لیا گیا جو غیرقانونی تھا۔ اس معاملے کی تحقیقات کیلئے چیئرمین نے فخر امام کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی۔ پیپلزپارٹی ارکان نے ایئرپورٹ کا نام بینظیر سے منسوب نہ کرنے کا معاملہ اٹھایا تو شہبازشریف نےکہا حکومت نئےایئرپورٹ کا نام بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہی رکھے۔