آصف زرداری کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جا رہا، فواد چودھری

Last Updated On 01 February,2019 10:02 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کا نام ریویو کمیٹی کو نہیں بھیجا، ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ہی شامل رہے گا۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پچاس ممالک کو پاکستان آن آر ایول ویزا کی سہولت ہوگی جبکہ صحافیوں کے لیے ویزا کو مزید آسان بنایا جائے گا۔ تاہم بھارت کا ویزا بی کیٹیگری ہے، اس کو یہ سہولت نہیں دی گئی ہے۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں حج سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن اس بار حاجیوں کو مثالی سہولیات دیں گے۔ کوئٹہ سے بھی حج کے لیے براہ راست پروازیں چلائی جائینگی۔

انہوں نے بتایا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل 32 نام ریویو کمیٹی کو بھیج دیئے گئے ہیں لیکن اس میں سابق صدر آصف علی زرداری کا نام شامل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری سیاست سے فارغ ہو چکے، اب اس سے زیادہ کیا ہونا ہے۔

سابق صدر کے بارے میں بات کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ زرداری صاحب سوال چنا اور جواب گندم دیتے ہیں، وہ اربوں روپے کھا گئے اور کہتے ہیں کہ اٹھارویں ترامیم کو نہیں چھیڑنے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترامیم پر کچھ چیزوں پر بات چیت ہونی چاہیے۔ اٹھارویں ترامیم پر واضح موقف دیا ہے۔ اس میں کچھ ترامیم بہت اچھی اور بعض ترامیم سے بڑا نقصان ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ بارہ سال بعد یو اے ای کے حکمران نے پاکستان کا دورہ کیا، سعودی عرب کے ولی عہد بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گے جبکہ امریکا کیساتھ بھی پاکستان کے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغان معاملے پر امریکا پہلی دفعہ پاکستان کا نقطہ نظر فالو کر رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ کہا کہ جنگ مسئلے کا حل نہیں ہے۔ طالبان اور امریکا کے میز پر آنے میں پاکستان نے اہم رول ادا کیا

فواد چودھری نے کہا کہ افغانستان میں اس وقت گیم چینجر معاملہ چل رہا ہے، افغان مذاکرات میں پاکستان کا اہم رول ہے، ہمیں امید ہے افغانستان سے اچھی خبریں آئینگی۔