سانحہ ساہیوال: جاں بحق خلیل کے بھائیوں کی جے آئی ٹی سربراہ سے ملاقات

Last Updated On 04 February,2019 07:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) متاثرہ خاندان کے وکیل نے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث اور حکم دینے والوں کی شناخت کی جائے گی۔ پنجاب حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ لواحقین کی تسلی نہ ہوئی تو جوڈیشل کمیشن بنا دیا جائے گا۔

بیرسٹر احتشام کا وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل اور مقتول خلیل کے بھائیوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہماری ملاقات جے آئی ٹی کے سربراہ سے کروائی گئی جس میں سانحہ ساہیوال کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ سی ٹی ڈی کے افسران اور اہلکاروں کے موبائل ریکارڈز بھی جے آئی ٹی نے حاصل کر لیے ہیں۔ مقتول خلیل کے دونوں بھائی منگل کی سہ پہر جے آئی ٹی کے سربراہ سے دوبارہ ملاقات کریں گے۔ اگلی ملاقات میں متاثرہ خاندان اپنے بیانات قلمبند کروائے گا۔

بیرسٹر احتشام نے بتایا کہ جے آئی ٹی کے سربراہ نے واقعہ میں ملوث افسران کو بھی شامل تفتیش کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب سے میں یہ کیس لڑ رہا ہوں، مجھے کوئی دھمکی نہیں ملی۔

Advertisement