اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیاد پر ضمانت کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب سے 12 فروری تک جواب طلب کر لیا، پنجاب حکومت کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔
عدالت میں پیش کردہ رپورٹ کے مطابق نواز شریف کو دل کی شریانوں کا مسئلہ ہے، ان کو ایسے ہسپتال میں رکھنے کا کہا گیا ہے جہاں 24 گھنٹے اچھی سہولیات میسر ہوں۔ مریض کے انجکشنز کی تعداد 20 سے بڑھا کر 24 کر دی گئی ہے۔
نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کی صحت کا معاملہ ہے، عدالت کل ہی اس کیس کو مقرر کرے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ درخواست کو 18 فروری کیلئے مقرر کر لیتے ہیں۔ خواجہ حارث نے جواب دیا طبی بنیاد پر ضمانت مانگی ہے، اس لئے اٹھارہ فروری بہت دور ہے۔
عدالت نے سماعت 12 تاریخ تک ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا کہ نواز شریف کیلئے میڈیکل بورڈ کی تشکیل اور طبی معائنے کی مکمل فائل پیش کی جائے۔ نیب درخواست ضمانت پر جواب داخل کرے جبکہ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کا نمائندہ بھی آئندہ سماعت پر پیش ہو۔