نوازشریف کے ہسپتال میں مزید ٹیسٹ، نیا میڈیکل بورڈ آج معائنہ کرے گا

Last Updated On 03 February,2019 06:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزی اعظم نوازشریف کا خرابی صحت کے باعث سروسز ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کی سفارش پر طبی ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔ کارکنوں نے ہسپتال کے باہر اظہار یکجہتی کیمپ لگا لیا۔

ناجائز اثاثہ جات کیس میں سزا یافتہ کوٹ لکھپت جیل میں قید میاں نوازشریف گزشتہ راز سروسز ہسپتال لایا گیا۔ ڈاکٹروں کے چھ رکنی بورڈ نے ابتدائی ٹیسٹ کئے اور آج نہار منہ چند ٹیسٹ ہونے کے بعد ہسپتال میں ہی سی ٹی سکین اور الٹر اساؤنڈ بھی کیا گیا۔

ہسپتال میں خصوصی سیکورٹی کے حصار میں وی وی آئی پی روم سے نیو او پی ڈی منتقل کیا گیا اس دوران ڈیوٹی پر موجو ایلیٹ اہلکار بھی میاں نواز شریف سے متاثر نظر آئے اور سلیوٹ بھی کئے۔ نیو او پی ڈی بلاک میں نواز شریف ایک گھنٹہ سے زیادہ موجود رہے جہاں ٹیسٹ اور طبی معائنہ ہوا۔

ہسپتال کے گیٹ پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے اظہار یکجہتی کیمپ لگا لیا اور دعائے صحت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ میاں نوازشریف کے مزید ٹیسٹ بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں ہوں گے اور دل کے امراض کے ماہر بھی چیک اپ کریں گے۔
 

Advertisement