عبدالعلیم خان کی گرفتاری، پنجاب حکومت کا سیاسی بیان بازی نہ کرنیکا فیصلہ

Last Updated On 06 February,2019 06:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب کے وزرا اور تحریک اںصاف کی قیادت نے سابق سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کی گرفتاری کے معاملے پر سیاسی بیان بازی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب چودھری سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں عبدالعلیم خان کی گرفتاری کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں عبدالعلیم خان کی جانب سے وزارت سے مستعفی ہونے کے فیصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پارٹی کے لئے ان کی خدمات کو سراہا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: عبدالعلیم خان باعزت بری ہو کر باہر آئیں گے: فیاض الحسن چوہان

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عبدالعلیم خان کے معاملے پر سیاست نہیں کریں گے، تحریک انصاف قانون کی بالا دستی پر یقین اور انصاف کی توقع رکھتی ہے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ سابق حکومتوں نے اداروں پر تنقید کر کے ان کا تشخص مجرو ح کرنے کی کوشش کی، ماضی کی طرح اب کسی ادارے پر کوئی حکومتی دباؤ نہیں ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت ماضی کی حکومتوں کے برعکس انصاف کی عملداری پر یقین رکھتی ہے۔ قانون اپنا راستہ خود بنائے گا اور عبدالعلیم خان کو انصاف ملے گا۔
 

Advertisement