سعودی عرب نے ہر مشکل کی گھڑی میں پاکستان کی مدد کی:‌ وزیراعظم

Last Updated On 17 February,2019 11:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خصوصی تعلقات ہیں، برادر ملک نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کی مدد کی۔ معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے چین، سعودی عرب اوریواے ای نے تعاون کیا۔ امریکا طالبان مذاکرات سے افغانستان میں امن کی راہ ہموار ہو گی۔

وزیراعظم نے عرب ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ سعودی عرب کیساتھ دو طرفہ تعلقات چاہتے ہیں، سعودی عرب کے پاس سرمایہ اور تیل کے ذخائر ہیں اور پاکستان کے پاس ہنرمند افرادی قوت اور ٹیکنالوجی ہے، معاشی اصلاحات سے مسائل پر جلد قابو پا لیں گے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب، یمن اور ایران کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرینگے، معاشی بحران سے نمٹنے کیلئے چین، سعودی عرب اور یواے ای نے تعاون کیا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے چیلنجز مختلف ہیں، تاہم محمد بن سلمان اور میرا کرپشن سے متعلق ایک جیسا موقف ہے، حرمین شریفین بھی باہمی تعلقات کی قربت کا باعث ہے۔ امریکا، طالبان مذاکرات سے افغانستان میں امن کی راہ ہموار ہو گی۔