’سعودی ولی عہد کا دورہ: میری ذاتی رائے میں اپوزیشن کو آنا چاہیے تھا‘

Last Updated On 17 February,2019 11:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ میری ذاتی رائے میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر اپوزیشن کو مدعو کرنا چاہیے تھا۔

 

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمیں جماعتوں کی سیاست سے بالاتر ہو کر پاکستان کا مفاد سوچنا چاہیے، میری ذاتی رائے میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو خوش آمدید کہنے کیلئے اپوزیشن کو بھی آنا چاہیے تھا۔

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کیساتھ تعلقات کی ایک تاریخ ہے لیکن پچھلے تین، چار سالوں میں یہ تعلقات سرد مہری کا شکار تھے، تاہم تحریک انصاف کی حکومت اور وزیراعظم عمران خان کی خصوصی کاوش نے انھیں تاریخ کی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔

پلوامہ حملے کے بعد بھارت کی جانب سے من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی الزامات پر بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت جو کچھ کر رہا ہے، کوئی چیز چھپی نہیں ہے۔ بھارت اس وقت سیاست کر رہا ہے۔ پلوامہ دھماکا نہایت افسوسناک ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ روس کے وزیر خارجہ سے کہا تھا کہ خدشہ ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی الیکشن سے پہلے کہیں مس ایڈوانچر کی طرف نہ جائیں۔ مجھے پہلے ہی خدشہ تھا کہ بھارت غیر ذمہ دارانہ کام کر رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر بھارت کے پاس ٹھوس شواہد ہیں تو شیئر کرے، دیانت داری کیساتھ تعاون کریں گے۔