سندھ اسمبلی اجلاس: بھارت کو حملے کی دھمکی پر منہ توڑ جواب دینے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور

Last Updated On 22 February,2019 10:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی میں کشمیر پر بھارتی مظالم اور حملے کی دھمکی پر منہ توڑ جواب دینے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

اجلاس میں سپیکر آغا سراج درانی کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری اور ان کے اہل خانہ سے ناروا سلوک پر قرارداد مذمت کثرت رائے سے منظور ہوئی۔ اپوزیشن مذمتی قرارداد کے موقع پر شور شرابہ کرتی رہی۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر ریحانہ لغاری کی سربراہی میں شروع ہوا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رکن گھنور اسران نے آغا سراج کی گرفتاری اور ان کے اہلخانہ سے ناروا سلوک پر ایوان میں قرارداد پیش کرنے کی کوشش کی جس کی اپوزیشن جماعتوں نے حمایت کرنے سے انکار کر دیا۔ اپوزيشن لیڈر نے قرارداد کے متن پر کئی اعتراضات اٹھا دیئے۔

ایوان میں حکومت اور اپوزیشن کی جانب کشمیر پر بھارتی مظالم اور حملے کی دھمکیوں کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ اراکین کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی اخلاقی مدد جاری رہے گی اور بھارت کی حملے کی دھمکی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

ایوان میں سوال وجواب کے موقع پر وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار نے انکشاف کیا کہ گورنر ہاؤس سندھ کی متعدد گاڑیوں کی نہ رجسٹریشن ہے اور نہ ہی ٹیکسز ادا کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس کی مزید کارروائی پیر دوپہر دو بجے تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔