بھارت کا بالاکوٹ میں تباہی کا دعویٰ بے بنیاد ہے، امریکی تھنک ٹینک

Last Updated On 03 March,2019 10:18 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی تھنک ٹینک نے بھی بھارتی دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے پاکستان کے موقف کی تصدیق کر دی۔ تھنک ٹینک کے مطابق سیٹلائٹ تصویروں سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارت کا پاکستانی علاقے بالا کوٹ میں عمارت کی تباہی کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔

امریکی تھنک ٹینک ایٹلانٹک کونسل کی ڈیجیٹیل فرانزک ریسرچ لیب نے سیٹلائٹ تصویروں کے ذریعہ بھارت کے دعوؤں کی قلعی کھول دی۔ پچیس فروری سے ستائیس فروری تک کی سیٹلائٹ تصاویر کے موازنے سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارتی طیارے کسی بھی عمارت کو تباہ کرنے میں ناکام رہے۔

امریکی تھنک ٹینک نے پاکستانی موقف کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی طیاروں نے کھلے جنگل میں بم گرائے جس سے چیڑ کے چند درختوں کے علاوہ کسی چیز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، اس پہاڑی پر ایک ہی عمارت ہے جو اب تک اپنی جگہ پر موجود ہے۔

اٹلانٹک کونسل کے ریسرچر مارک شیلڈنگ نے میڈیا پر گردش کرتی تصاویر سے یہ بھی ثابت کیا کہ بھارت نے حملے میں اسرائیلی ساختہ سپائس بم گرائے تھے جس سے کوئی بڑی تباہی نہیں ہوئی۔