بھارت کو سمندری محاذ پر بھی ناکامی، بحریہ نے انڈین آبدوز کا سراغ لگا لیا

Last Updated On 05 March,2019 08:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بھارت کو سمندری محاذ پر بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، نیلے پانیوں کی محافظ پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کو پاکستان کی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا۔ ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے امن کے قیام کی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے آبدوز کو نشانہ نہیں بنایا۔

 بھارتی بحریہ کی آبدوز نے رات کی تاریکی کا سہارا لیا اور پاکستان کے پانیوں میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن نیلے پانیوں کی محافظ پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کو پاکستان کی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا۔ ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے سامنے بھارتی بحریہ کی ہر خفیہ چال ناکام رہی اور آبدوز دم دبا کر بھاگ نکلی۔

 ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں، قیام امن کی پالیسی کو مد نظر رکھتے ہوئے آبدوز کو نشانہ نہیں بنایا، بھارت کو بھی امن کی طرف راغب ہونا چاہیے۔ نومبر 2016 کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر اسے بھاگنے پر مجبور کیا۔