مودی کے بیانات الیکشن ہتھکنڈے ہیں، بھارتی جسٹس مرکنڈے کاٹجو

Last Updated On 05 March,2019 08:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بھارت کے سابق جج جسٹس مرکنڈے کاٹجو نے کہا ہے کہ بھارت میں ایسی سب حرکتیں الیکشن کی وجہ سے ہو رہی ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی کے بیانات الیکشن ہتھکنڈے ہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام’’نقطہ نظر‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بھارتی جسٹس مرکنڈے کاٹجو نے بتایا کہ بھارتی میڈیا بہت پریشر میں ہے۔ بھارتی میڈیا میں سے کئی لوگوں کو نوکریوں سے بھی نکال دیا گیا ہے۔ تاہم اس کے باوجود بھارتی میڈیا کو چمچہ گیری کے بجائے آزاد رپورٹنگ کرنی چاہیے۔

جسٹس مرکنڈے کاٹجو نے اپنی گفتگو میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیانات صرف الیکشن کے ہتھکنڈے ہیں۔ سب کچھ الیکشن کی وجہ سے ایسی حرکتیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس پروفیسر کو پاکستان کی ہمدردی پر مارا گیا، اس کے پاس ڈنڈا نہیں تھا، میرے پاس جو آیا ڈنڈا رکھا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملک ایٹمی قوت ہیں، اگر جنگ ہوئی تو دونوں اطراف سے لاکھوں لوگ مارے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی تقریر کو پورے ہندوستان نے سنا۔ وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ان کی تعریف کرتا ہوں۔

انڈین جسٹس کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے جو راستہ دکھایا، وہی صیح راستہ ہے۔ جنگ نہیں امن ہی راستہ ہے۔ عمران خان صرف کھلاڑی ہی نہیں، سکالر بھی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پچانوے فیصد بھارتی میڈیا انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ مودی سرکار کو پاکستان مخالف بیانیے سے فائدہ نہیں نقصان ہوگا۔ پاکستان بھی نیوکلئیر ریاست ہے، دونوں ملک جنگ برداشت نہیں کر سکتے۔ وزیراعظم عمران خان سیاستدان سے بڑھ کر سٹیٹسمین ہیں۔
 

 

Advertisement