راولپنڈی: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے تنبیہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پیش نہ ہوئے تو انھیں سزا بھی ہو سکتی ہے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی آج نیب پیشی موخر کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے انھیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 26 مارچ کو نیب راولپنڈی پیش ہوں۔
نیب کی جانب سے جاری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ شاہد خاقان عباسی 75 سوالوں کے جواب بھی ہمراہ لائیں۔ سابق وزیراعظم پیش نہ ہوئے تو سزا بھی ہو سکتی ہے۔
خیال رہے کہ شاہد خاقان عباسی نے آج بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیشی سے معذرت کی تھی۔ سابق وزیر اعظم نے نیب کو لکھے گئے خط میں کہا کہ بیرون ملک ہوں، آج پیش نہیں ہو سکتا، 17 مارچ کے بعد کی تاریخ دے دیں۔
نیب نے شاہد خاقان عباسی سے ایل این جی کیس میں سوالوں کے جواب طلب کر رکھے ہیں۔ اس سے قبل سابق وزیراعظم 8 اور 28 فروری کو بھی پیش نہیں ہوئے تھے۔ شاہد خاقان عباسی 19 فروری کو نیب کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے تھے۔