نواز شریف کا ایک بار پھر ہسپتال منتقل ہونے سے انکار

Last Updated On 08 March,2019 04:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے ایک بار پھر جیل سے ہسپتال منتقل ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جیل میں ٹھیک ہیں، ہر بار ہسپتال لے کر جایا جاتا ہے، پھر واپس بغیر علاج کے بھیج دیا جاتا ہے۔

سابق وزیراعظم سے کوٹ لکھپت جیل میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف، مریم نواز، رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف، میاں حمزہ شہباز اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ملاقات کی۔

مریم نواز، شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے میاں نواز شریف کو ہسپتال منتقلی کے لیے قائل کرنے کی بہت کوشش کی لیکن سابق وزیراعظم نے ایک بار پھر انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جیل میں ٹھیک ہیں۔ مزید اپنا تماشا نہیں بنوا سکتے۔

ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے میاں نواز شریف کو کچھ ادویات تبدیل کرنے کا کہا اور کچھ نئی ادویات بھی اپنے ساتھ لے کر آئے۔ تمام ملاقاتی تقریبا دو گھنٹے سے زائد جیل میں موجود رہے۔