حکومت نے نواز شریف کو علاج کی ہر طرح کی سہولت کی پیشکش کردی

Last Updated On 07 March,2019 09:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب نے باضابطہ طور پر نواز شریف کو ملک کے اندر علاج کی ہر طرح کی سہولت کی پیشکش کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل کہتے ہیں کہ نواز شریف لندن سے اپنے ڈاکٹر کو بلوانا چاہیں تو حکومت اس کے لئے بھی تیار ہے، حکومٰت پنجاب جمعہ کے روز شریف فیملی کو خط بھی لکھے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی جس میں سینئر ترین ڈاکٹرز پروفیسر ثاقب اور پروفیسر شاہد بھی شریک تھے۔ انہوں نے نواز شریف کو وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ہر طرح کے علاج کی سہولتوں کی پیشکش کی۔

وزیراعلیٰ کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ صحت کے معاملے پر پر کوئی سیاست نہیں، اسلام آباد میں غیر ملکی کارڈیالوجسٹ کی کانفرنس میں آنے والے ڈاکٹرز سے نواز شریف کے چیک اپ کو تیار ہیں۔ نواز شریف اس وقت بظاہر بالکل صحت مند ہیں۔ نواز شریف ابھی ضمانت کا انتظار کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر قانون میں پرائیویٹ ہسپتال کی گنجائش ہوئی تو شریف میڈیکل سٹی میں بھی علاج پر اعتراض نہیں ہوگا۔ ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ جمعہ کے روز شریف فیملی کو خط لکھ کر بھی حکومت پنجاب کے اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔
 

Advertisement