نواز شریف کے علاج کا معاملہ، اپوزیشن کا احتجاجاً سینیٹ سے واک آؤٹ

Last Updated On 07 March,2019 06:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو حکومت کی جانب سے علاج کی بہتر سہولیات فراہم نہ کیے جانے پر احتجاجاً سینیٹ سے واک آؤٹ کیا۔

سینیٹر فیصل جاوید نے ایوان کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو نواز شریف کے بہترین سے بہترین علاج اور میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی ہے۔

سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کے زیر صدارت ہوا۔ قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق نے میاں نواز شریف کے علاج کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کو مرضی سے علاج معالجے کی اجازت ملنی چاہیے۔ حکومت اس معاملے پر غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہیں ایسے ہسپتال لے جایا جاتا ہے جہاں دل کا معالج ہی نہیں ہے۔ نواز شریف کو علاج کی باقاعدہ سہولیات میسر نہ ہونے اور حکومتی رویے پر اپوزیشن ایوان سے واک آؤٹ کرتی ہے۔

اپوزیشن کے واک آؤٹ کے بعد وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف پر مقدمات بنانے سے تحریک انصاف کے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ حکومت نواز شریف کے علاج میں نہ کوئی کوتاہی برت رہی ہے اور نہ برتے گی۔ نواز شریف کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور کی جائیں گی۔

 

Advertisement