نواز شریف کی صحت کا معاملہ، سپیکر پنجاب اسمبلی نے کمیٹی تشکیل دیدی

Last Updated On 07 March,2019 07:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف کی صحت کے معاملے پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے کمیٹی تشکیل دے دی۔ بیوروکریسی کی آفیسر گیلری میں عدم موجودگی پر حکومت اور اپوزیشن ایک ہو گئے۔ سیکر ٹری خزانہ کے رویے کے خلاف سپیکر نے احتجاجاً اجلا س ہی ملتوی کر دیا۔ مسلم لیگ ن نے نواز شریف کے علاج کے حوالے سے تحریک التوا بھی جمع کرا دی۔

نواز شریف کی صحت اور علاج کا معاملہ، پنجاب اسمبلی میں بریک تھرو، سپیکر کی مداخلت سے حکومت اور اپوزیشن نواز شریف کی صحت اور علاج کے معاملے پر مزاکرات کے لئے تیار ہو گئے۔

اپوزیشن نے نواز شریف کے علاج کا معاملہ اٹھایا تو سپیکر نے حکومت اور اپوزیشن کا موقف سننے کے بعد کمیٹی قائم کر دی۔ اس کمیٹی میں حکومت کی جانب سے وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور وزیر قانون راجہ بشارت شامل ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے خواجہ سلمان رفیق، ڈاکٹر مظہر اور رانا محمد اقبال کو کمیٹی ممبر نامزد کیا گیا ہے۔

ادھر پنجاب اسمبلی میں بیورکریسی کے خلاف حکومت اور اپوزیشن ایک ہوگئے۔ سیکرٹری خزانہ کے آفیسر گیلری میں نہ آنے پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا۔ سپیکر کا کہنا تھا کہ جب سیکرٹری خزانہ ہی نہیں تو پری بجٹ بحث کیسا؟ سپیکر نے احتجاجا اجلاس ملتوی کر دیا۔

ارکان اسمبلی کو ادوایات نہ ملنے کا معاملہ بھی ایوان میں زیر بحث رہا جس پر سپیکر نے ارکان اسمبلی کو ادوایات کی فراہمی کا سابقہ نظام بحال کرنے کی ہدایت کر دی۔

 

Advertisement