لاہور: خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ’عورت مارچ‘ کا اہتمام

Last Updated On 08 March,2019 06:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عورت کا ہر روپ قدرت کا انمول تحفہ ہے ،لاہور میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ’عورت مارچ‘ کا اہتمام کیا گیا جہاں ہر شعبہ زندگی میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی با ہمت خواتین نے مارچ میں حصہ لیا۔

لاہور میں ویمن مارچ میں خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے کہا کہ خواتین کے حقوق کو تسلیم کیا جائے۔

لاہور پریس کلب سے شروع ہونیوالا عورت مارچ ایجرٹن روڈ سے ہوتا ہوا چئیرنگ کراس اختتام پذیر ہوا۔ خواتین نے عورتوں کے حقوق اور ان کے ساتھ ہونیوالے زیادتیوں کی روک تھام کا مطالبہ کیا۔

خواتین کا کہنا تھا کہ عورت مارچ کا مقصد معاشرے میں عورت کی قدر کرانے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں ان کا حق دلوانے کے لیے آواز بلند کرنا بھی ہے۔

مارچ میں ہنر مند خواتین جو گھریلو دستکاریوں اور کارخانوں میں کام کرتی ہیں، ان کے ساتھ ساتھ یونیورسٹیز اور کالجز کی لڑکیوں نے بھی رکشہ اور موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر شرکت کی۔