جعلی اکاؤنٹس کیس: نیب کا زرداری، بلاول، فریال کو طلب کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 09 March,2019 03:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جعلی بنک اکاونٹس کیس میں نیب نے آصف زرداری، بلاول بھٹو، فریال تالپور اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کو طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس کے تمام فریقین کو نیب دفتر طلب کرنے کے لیے آئندہ ہفتے نوٹسز جاری کیے جائیں گے، ملزمان کا بیان ریکارڈ کرنے کےعلاوہ تحریری جواب بھی طلب کیا جائے گا۔ نیب کی مشترکہ انویسٹی گیشن ٹیم نے تحریری جواب کے لیے سوالنامہ تیار کرلیا ہے۔

دوسری جانب نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ شاہد خاقان عباسی سے کہا گیا ہے کہ وہ 26 مارچ کو ایل این جی کیس کے جواب کیساتھ اپنے اثاثوں کا ریکارڈ دستاویزی ثبوتوں کیساتھ پیش کریں۔ نیب کے ساتھ عدم تعاون پر انہیں سزا ہوسکتی ہے۔