ایٹمی قوت مانگ تانگ کر گزارہ کر رہی ہے، حمزہ شہباز

Last Updated On 11 March,2019 06:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے معیشت کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا ہے، اپوزیشن کے معاشی میثاق کی پیشکش کا چور چور کے نعروں سے جواب دیا گیا.

پنجاب اسبملی میں خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ کہ آج ایٹمی قوت مانگ تانگ کر گزارہ کر رہی ہے، آئی ایم ایف سے مجوزہ معاہدے کی شرائط قوم کو بتائی جائیں، مسائل حل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیوں نہیں کئے گئے؟

پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں حمزہ شہباز نے کہا کہ قوم نے بھارتی جنگی جنون کیخلاف بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا، خدا گواہ ہے کہ قوم نے ہمیشہ برے حالات میں یکجہتی کا مظاہرہ کیا، ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹم بم کی بنیاد رکھی جس پر ساری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے، میاں نواز شریف نے عالمی دھماکوں کے باوجود ہندوستان کے مقابلے میں دھماکے کئے۔

حمزہ شہباز نے حکومت سے گلہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ملکی معاشی بحران میں معاشی میثاق کی بات کی تھی، ہماری آفر کا چور چور کے نعروں سے جواب دیا گیا، بروقت کئے گئے فیصلے ہی احسن فیصلے ہوتے ہیں، تاخیر سے کئے گئے فیصلے ناکام کہلاتے ہیں، وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف نہ جانے کا اعلان کیا اور پھر چلے گئے، معیشت بڑھانے کیلئے غیر اعتمادی ماحول ختم کرنا ہوتا ہے۔

 

Advertisement