کفایت شعاری مہم: حکومتی کوششوں کے باوجود 24 مہنگی گاڑیاں فروخت نہ ہوسکیں

Last Updated On 16 March,2019 02:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم کفایت شعاری مہم کی تکمیل میں 24 مہنگی گاڑیاں رکاوٹ بن گئیں، لگژری گاڑیوں کے خریدار نہ ملنے پر ایف بی آر نے کہا ہے کہ اگر خریدار نہیں ملتے تو گاڑیاں متعلقہ اداروں کے حوالے کر دی جائیں تا کہ غیر ملکی سرکاری مہمانوں کے استعمال میں لائی جا سکیں۔

اب تک فروخت نہ ہونے والی گاڑیوں میں 20 بم اور بلٹ پروف گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ ایف بی آر نے تجویز دی ہے کہ لگژری گاڑیوں کو لاہور اور کراچی میں نیلام کیا جائے، اگر ایسا انہیں ہوتا تو گاڑیاں واپس متعلقہ اداروں کے حوالے کر دی جائیں، تاکہ غیر ملکی سرکاری مہمانوں کے استعمال میں لائی جا سکیں۔

وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت گاڑیوں کی نیلامی کا آغاز 17 ستمبر 2018ء کو ہوا تھا، اب تک 102 گاڑیوں کی نیلامی سے حکومت کو 20 کروڑ روپے حاصل ہو چکے ہیں۔