نواز شریف کی صحت بہتر، جیل میں تمام طبی سہولتیں دستیاب: یاسمین راشد

Last Updated On 13 March,2019 03:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے نواز شریف کی صحت بہتر ہے، جیل میں تمام طبی سہولتیں دستیاب ہیں، سابق وزیراعظم بیرون ملک جانا چاہتے ہیں تو کھل کر بتا دیں۔

وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور شریف خاندان علاج پر سیاست نہ کرے ان کی صحت پر توجہ دیں، مریم نواز ٹویٹ کرنے کے بجائے دعا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان کے دشمن نہیں ہیں، سیاسی حریف ضرور ہیں مگر ہندوستان پاکستان کی جنگ نہیں، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، ن لیگ اگر اس معاملے پر مقدمہ کروانا چاہتی ہے تو شوق پورا کرلیں، ہم ملک میں انکو ہر طبی سہولت دینے کو تیار ہیں۔

 ادھر نواز شریف کے جیل میں علاج کا معاملے پر حکومت کی جانب سے ملنے والا خط کا جواب تیارکر لیا گیا۔ سابق وزیراعظم نے خط کے جواب میں لکھا کہ علاج کے نام پر تضحیک کا نشانہ نہیں بن سکتا، ہسپتالوں میں اس طرح پھیرایا جاتا رہا، جس طرح خانہ بدوش ہوں۔ انہوں نے کہا عدالتوں پر پورا اعتماد ہے، اگر عدالتوں سے ریلیف ملا تو اپنا علاج خود کرائیں گے۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ جواب 2 سے 3 روز میں حکومت کو بھجوا دیا جائے گا۔

 

Advertisement