لیڈی ہیلتھ ورکرز کا پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا، ٹریفک کا نظام درہم برہم

Last Updated On 19 March,2019 10:37 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کا پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا جاری ہے، احتجاج کے باعث مال روڈ سمیت ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے۔

پنجاب بھر سے تعلق رکھنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز نے ایک بار پھر لاہور کا رخ کیا جہاں انہوں نے پنجاب اسمبلی کے سامنے فیصل چوک میں مطالبات کے حق میں دھرنا دیا۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز کا مطالبہ ہے کہ پے سکیل اپ گریڈ اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ پہلے بھی مطالبات کے حق میں احتجاج کئے لیکن حکومت صرف طفل تسلیاں ہی دیتی رہی۔ دھرنے کے دوران گزشتہ روز جہانیاں کی نسرین بی بی کی حالت غیر ہو گئی، بے ہوش ہونے پر ریسکیو اہلکاروں نے اسے ہسپتال منتقل کر دیا۔

دوسری جانب دھرنے کے باعث مال روڈ اور ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے۔ مظاہرین اور شہریوں میں ٹریفک بندش پر تلخ کلامی بھی ہوئی۔ ڈی جی ہیلتھ کے دفتر میں مظاہرین اور محکمہ صحت کے اعلٰی حکام کے مابین مذاکرات بھی کامیاب نہ ہو سکے۔