پیپلز پارٹی نے شیخ رشید کیخلاف مقدمہ قتل کی درخواست دیدی

Last Updated On 19 March,2019 11:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے خلاف اندراج مقدمہ قتل کی درخواست دیدی ہے۔

درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو قتل کی دھمکیاں دی ہیں۔ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ یہ درخواست گلگت بلتستان کے سابق وزیر خوراک محمد جعفر کی طرف سے تھانہ سٹی میں دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما چودھری منظور نے شیخ رشید کیخلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کل ہمارے کارکن اپنے بے گناہ اور معصوم چیئرمین بلاول بھٹو کیساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔

چودھری منظور نے کہا کہ شیخ رشید کی بد کلامی کا پہلے جواب نہیں دیتے تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ بچے سے کہتا ہوں بچ کر چلے ورنہ مارا جائے گا۔ پہلے بھٹو کا عدالتی قتل ہوا پھر محترمہ کو شہید کیا گیا اور اب پھر اس قسم کی باتیں ہو رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید بہت سارے لوگوں کے خود ساختہ ترجمان بنے ہوئے ہیں۔ ان کیخلاف کل راولپنڈی میں قتل کی دھمکی کا مقدمہ درج کروائیں گے۔

خیال رہے کہ بختاور بھٹو نے بھی شیخ رشید کے بیان کو قتل کی دھمکی قرار دیا تھا۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ تعصب پرست وزیر کو سزا دی جائے۔

انہوں نے کہا تھا کہ نفرت آمیز تقاریر سے شیخ رشید بلاول بھٹو کے سیدھا قتل کی دھمکیوں پر اتر آئے ہیں۔ دائیں بازو کے انتہا پسندوں دھمکیاں نئی نہیں ہیں، اب وفاقی وزیر کھلے عام قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ جس کا پورا خاندان قتل کیا گیا سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

یاد رہے کہ شیخ رشید نے کچھ روز قبل اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کر کے کہا تھا کہ ’بلاول اگر سیاسی میدان میں بچ کر نہیں چلے تو مارے جائیں گے‘۔ تاہم بعد ازاں انہوں نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے بلاول بھٹو کی سیاسی موت کا ذکر کیا تھا۔ وہ بلاول کے دشمن نہیں ہیں، اللہ نہ کرے انھیں کچھ ہو۔ ریلوے وزیر نے کہا کہ اب تو بلاول سے صلح بھی ہو چکی ہے، بلاول سے 2 بار صلح ہو چکی، اب کچھ ہوا تو صلح نہیں ہو گی۔