بھارت نے حملہ کیا تو تمام قرضے یک مشت چکا دیں گے: شیخ رشید

Last Updated On 23 February,2019 03:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ مودی نے 70 فیصد تک جنگ کے چانس پیدا کیے ہیں، وہ 4 ریاستوں میں ہارنے کے بعد جنگ کی باتیں کر رہا ہے، بھارت نے حملہ کیا تو تمام قرضے یک مشت چکا دیں گے، پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے ساتھ کھڑا ہے۔

 وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا سعودی ولی عہد کی وزیراعظم عمران خان سے دوستی لازوال ہے، اخبار سے پتہ چلا کہ ایل این جی معاملے پر نیب نے مجھے طلب کیا ہے، میں نے کہا تھا شہباز شریف کے سوا کسی کو ڈیل یا ڈھیل کرتے نہیں دیکھا، نواز شریف اقتدار سے اترتے ہی بیمار ہو جاتے ہیں، ان کو کھلی فضا چاہیے، لال حویلی کی چھت کھلی ہے۔ انہوں نے کہا زرداری صاحب کا تحریک چلانے والا فیوز اڑ چکا، سراج درانی کی گرفتاری پر کسی مکھی نے پر نہیں مارا، زرداری کہتے ہیں ان کا کیس کراچی اور ن لیگ چاہتی ہے لاہور میں سناجائے، کراچی اور لاہور میں کیس سننے کی بات میں کوئی تو وجہ ہوگی، پی اے سی کا ممبر ہوں لیکن خود نہیں جا رہا۔

شیخ رشید کا کہنا ہے ریلوے کی تمام اراضی کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے، 2 مزید ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جناح ایکسپریس لاہور سے کراچی نان سٹاپ ٹرین ہوگی، پشاور سے کراچی کیلئے بھی ٹرین چلانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، مال گاڑیوں اور مسافر ٹرینوں کا جال بچھا دیں گے۔ انہوں نے کہا اس سال 20 ٹرینیں چلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، میرے دور میں گریڈ کا مسئلہ نہیں، ریلوے کے تمام مزدوروں کو میرٹ پر سکیل دیئے جائیں گے، ریلوے میں بد عنوانی کیلئے زیرو ٹالرنس ہے۔

 

Advertisement